وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ناراض بلوچ رہنماؤں سے مذاکرات کیلئے بڑی پیشرفت

  • July 7, 2021, 9:00 pm
  • National News
  • 176 Views

وزیراعظم عمران خان نے ناراض بلوچ رہنماؤں سے مذاکرات کیلئے باقاعدہ آغاز کردیا ہے، وزیرعظم نے شاہ زین بگٹی کو معاون خصوصی تعینات کردیا ہے، ناراض بلوچ رہنماؤں سیاسی و قومی آہنگی کیلئے بات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں امن وامان اور ترقی کے سفر کو یقینی بنانے کیلئے وزیراعظم عمران خان نے ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات چیت کا عندیہ دیا تھا، جس کے پیش نظر وزیر اعظم نے ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات چیت کیلئے اہم قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت سربراہ جمہوری وطن پارٹی شاہ زین بگٹی کو معاون خصوصی برائے مصالحت و ہم آہنگی بلوچستان تعینات کردیاگیا ہے، کابینہ ڈویژن نے شاہ زین بگٹی کی معاون خصوصی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
شاہ زین بگٹی کو وفاقی وزیر کا درجہ دیا گیا ہے۔واضح رہے پانچ جولائی کو وزیراعظم عمران خان نے گوادر میں مقا می عمائدین، طلباء اور کاروباری شخصیات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلوچستان میں جب امن ہوگا، تو یہاں کے لوگ سوچیں گے ہمارا بھی پاکستان ہے، میں بلوچستان کے عسکریت پسندوں سے بات کرنے کا سوچ رہا ہوں، ہوسکتا ہے ان کو پرانی رنجشیں ہوں، ایسے لوگوں کو ہندوستان انتشار پھیلانے کیلئے استعمال کرتے ہیں، سب سے زیادہ پیکج بلوچستان کو اس لیے دیا کہ بلوچستان کے ساتھ پہلے وفاق اور صوبائی سیاستدانوں نے بھی انصاف نہیں کیا، اسی طرح گزشتہ روز وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے واضح کیا ہے کہ سیاسی طور پر ناراض بلوچوں سے مذاکرات کیلئے کام شروع ہو چکا ہے، بھارت کیساتھ مل کر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ناراض بلوچوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے وزیراعظم کی ناراض بلوچوں سے بات چیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی بلوچستان پر مکمل توجہ ہے، صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہونا شروع ہو گیا ہے، گوادر سی پیک کا دل ہے اس کے بغیر سی پیک کا تصور ہی محال ہے، بلوچستان کو سندھ حکومت سے تحفظات ہیں، سندھ نے کبھی پانی کا ہمارا حصہ پورا نہیں دیا، ارسا کے مطابق سندھ بلوچستان کو پانی فراہم کرنے کا پابند ہے۔