جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ یاسین زئی نے گورنر بلوچستان کا عہدہ چھوڑ دیا

  • July 7, 2021, 9:00 pm
  • Breaking News
  • 261 Views

گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان مستعفی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان نے گورنر بلوچستان کا عہدہ چھوڑ دیا ہے اور انہوں نے بطور گورنربلوچستان اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردیا ، کیوں کہ وزیراعظم عمرا ن خان کی جانب سے گورنر بلوچستان سے استعفیٰ طلب کیا تھا ، جس کے لیے 30اپریل 2021 کو وزیراعظم نے گورنر بلوچستان کو خط لکھا ، عمران خان کی جانب سے خط میں گورنر بلوچستان امان اللہ خان سے مستعفی ہونے کا کہا گیا۔
خط کے مندرجات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان میں نیا گورنر تعینات کرنا چاہتا ہوں ، اس لیے درخواست ہے کہ آپ مستعفی ہو جائیں، کیوں کہ سیاسی حالات کا تقاضا ہے کہ کسی نئے شخص کو گورنر مقرر کیا جائے ، آپ کی کارکردگی پر کوئی منفی تاثر نہیں رکھتا تاہم کورونا وائرس کی عالمی وباء کے پھیلاؤ کے باعث ملاقات نہیں ہورہی ، اس لیے خط لکھ کر آپ کو آگاہ کررہا ہوں ، آپ کا استعفیٰ موصول ہونے پر نیا گورنر بلوچستان جلد تعینات کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 3اکتوبر 2018 کو صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کی ایڈوائس پر امان اللہ خان کو گورنر بلوچستان مقرر کیا گیا ، وفاقی حکومت کی جانب سے امان اللہ یاسین زئی کو گورنر بلوچستان نامزد کیا گیا تھا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نئے گورنر کی تعیناتی کیلئے مختلف ناموں پر مشاورت شروع کردی ہے ، حکومتی اتحادی بلوچستان عوامی پارٹی نے گورنر کے عہدے کے لیے سینیٹر نصیب اللہ بازئی کا نام فائنل کیا ہے جب کہ نئے گورنر کیلئے تحریک انصاف کے ظہور آغا، ڈاکٹر فیض کاکڑ، سعید مندوخیل اور نصیب اللہ بازئی کے نام زیرغور ہیں تاہم تحریک انصاف کے ظہور آغا نئے گورنر بلوچستان کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔