جائیداد کی لالچ میں 3 سال سے بیٹے کی قید میں موجود بوڑھی ماں بازیاب

  • July 7, 2021, 9:01 pm
  • National News
  • 173 Views

ماں اپنے بچوں کی محبت میں ہر چیز نثار کرنے کے لیے تیار ہوتی ہے، لیکن اگر اولاد ہی بدبخت نکلے تو ایسے میں والدین کیا کریں۔ راولپنڈی میں جائیداد کی لالچ میں بدبخت بیٹے نے اپنی ہی 70 سالہ ماں کو قید کر دیا، پولیس نے 3سال سے قید خاتون کو بازیاب کرا لیا، خاتون نے اپنےبیٹے سے متعلق افسوسناک انکشافات کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق جائیداد کی لالچ میں 3 سال سے بیٹے کی قید میں موجود بوڑھی ماں کو بازیاب کرالیا گیا۔ سیشن جج راولپنڈی کے حکم پر تھانہ سول لائن پولیس نے تلسہ روڈ پر واقع ایک گھر میں چھاپہ مار کر بوڑھی خاتون کو بازیاب کرلیا، خاتون کو بیٹے نے جائیداد کی لالچ میں گزشتہ 3 سال سے قید کررکھا تھا۔ہیومین رائٹس کمیٹی کے ممبر عامر سلیم رانا ایڈووکیٹ نے خاتون کی بازیابی کے لئے سیشن جج کے سامنے پٹیشن دائر کی تھی، جس پر سیشن جج نے خاتون کو بازیاب کرانے کا حکم دیا تھا۔
خاتون نے عدالت کے سامنے اپنے بیٹے سے متعلق افسوسناک انکشافات کیے کہ اُن کے بڑے بیٹے نے گھر پر انہیں جبری بند کر رکھا تھا، اور قصور میں ایک جائیداد اپنے نام کرانا چاہتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ میرا بیٹا مجھے وقت پر کھانا بھی نہیں دیتا اور مجھ پر باقی بچوں سے ملنے پر پابندی لگا رکھی تھی اور میری صبح شام نگرانی ہوتی تھی، عدالت مجھے چھوٹے بیٹے کے ساتھ جانے کی اجازت دے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طارق جاوید نے شمیم اختر نامی بوڑھی خاتون کی خواہش پر اسے چھوٹے بیٹے حسن رجا کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔واضح رہے کہ ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ پہلے بھی پیش آیا چکا ہے۔ جب ساہیوال میں بھائیوں نے جائیداد کی لالچ میں اپنی بہن کو کئی سال تک قید میں رکھا، بعدازاں پولیس نے بہن کو بازیاب کروا لیا تھا۔