خطے میں کورونا کی بھارتی قسم پھیلنے کا خدشہ ہے، وزیراعظم

  • July 8, 2021, 9:45 pm
  • COVID-19
  • 172 Views

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر اور خاص طور پر ہمارے خطے میں کورونا کی بھارتی قسم پھیلنے کا خدشہ ہے۔

کورونا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس تبدیل ہوتا جارہا ہے، دنیا بھر اور خاص طور پر ہمارے خطے میں کورونا کی بھارتی قسم پھیلنے کا خدشہ ہے، کورونا وائرس کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، بھارت قسم کے وائرس سے انڈونیشیا اور بنگلہ دیش میں بری صورتحال ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری اپیل ہے ماسک پہنیں یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے، اس کے استعمال سے ہم خود کو اور اپنے لوگوں کو بچا سکتے ہیں، عوام عید پر ماسک پہنیں اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں، اگر صورتحال خراب ہوئی تو ہمیں مجبوراً پابندیاں عائد کرنی پڑیں گی، پھر عوام کو روزگار کا مسئلہ ہوگا، سیاحت متاثر ہوگی، کاروبار بند ہوجائیں گے، لہذاٰ عوام احتیاط کریں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا میں غربت پھیل رہی ہے، انڈونیشیا اور بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن لگادیا گیا ہے، ماسک کے استعمال سے ہم اپنے ملک اور معیشت کو بچا سکیں گے، چوتھا فیز بےقابو ہوا تو ہمیں پھر لاک ڈاؤن لگانا پڑے گا۔
عمران خان نے کہا کہ بدقسمی سے پاکستان میں کورونا کی ویکسین نہیں بنتی، لیکن یہاں ویکسین موجود ہے اور جو ویکسین آتی ہے وہ عوام کو لگا دی جاتی ہے، عوام اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور بالخصوص شہری آبادی ضروری ویکسین لگوائیں۔