امریکہ میں گرمی کی لہر: کیلیفورنیا اور نیواڈا کی ریاستوں میں ریکارڈ توڑ گرمی کی پیش گوئی
- July 11, 2021, 2:13 pm
- Weather News
- 251 Views
امریکہ میں گرمی کی شدت میں انتہائی اضافے کے بعد مغربی ریاستوں کیلیفورنیا اور نیواڈا میں ریکارڈ درجہ حرارت کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
چند ہفتے پہلے شمالی امریکہ میں ایک خطرناک ہیٹ ویو آ چکی ہے اور اس خطے میں جون کا مہینہ اب تک کا سب سے گرم ترین مہینہ رہا ہے۔
کیلیفورنیا کے علاقے ڈیتھ ویلی میں جمعے کو درجہ حرارت 54.4 ڈگری سینٹی گریڈ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا اور ہفتے کے آخر میں بھی ایسی ہی گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
امریکہ میں لاکھوں افراد کو شدید گرمی کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
قومی موسمیاتی سروس نے متاثرہ افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وافر مقدار میں پانی پییں اور ائیر کنڈیشنڈ عمارتوں میں رہیں۔
جمعے کے روز ڈیتھ ویلی میں درجہ حرارت اگست 2020 میں ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے برابر تھا جس کے بارے میں لوگوں کا خیال ہے کہ یہ کرہ ارض پر ریکارڈ کیا گیا اب تک کا گرم ترین درجہ حرارت ہے۔
سنہ 1913 میں 56.7 ڈگری سینٹی گریڈ بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم کچھ ماہرین اسے متنازع قرار دیتے ہیں۔
نیویڈا کے شمال میں، کیلیفورنیا کی سرحد کے قریب، سیرا نیواڈا کے جنگلاتی علاقے کے کچھ حصوں میں آسمانی بجلی گرنے سے جنگل کی آگ بھڑک اٹھی اور یہاں کے رہایشیوں کو دیگر جگہوں پر منتقل کیا گیا۔
خطے میں جنگل کی آگ پر قابو پانے کی کوششیں کرنے والے فائر فائٹرز کا کہنا ہے کہ ہوا اتنی خشک ہے کہ آگ کو روکنے کے لیے ہوائی جہاز کے ذریعہ گرایا گیا زیادہ تر پانی زمین تک پہنچنے سے پہلے ہی بخارات میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
موسم کی پیش گوئی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ لاس ویگاس میں درجہ حرارت 47.2 سینٹی گریڈ کی ریکارڈ حد بھی عبور کرسکتا ہے۔
اوریگون میں فریمونٹ وینما نیشنل فارسٹ میں تیز ہواؤں سے پھیلنے والی جنگل کی آگ کے بعد انخلا کے مزید احکامات جاری کیے گئے۔
آگ کیلیفورنیا کے لیے بجلی فراہم کرنے والی تاروں کے لیے بھی خطرہ بن رہی تھی۔ کیلیفورنیا میں پاور گرڈ آپریٹرز نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے برقی سامان کا استعمال کم کرکے بجلی بچائیں۔
اڈاہو میں، گورنر بریڈ لٹل نے جنگل کی آگ لگنے کے بعد ایمرجنسی کا اعلان کیا اور ریاست کے نیشنل گارڈ کو متحرک کیا تاکہ بجلی کے باعث لگنے والی آگ پر قابو پانے میں مدد ملے۔
کینیڈا بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، غیر متوقع طور پر گذشتہ ماہ کے آخر میں وہاں درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا۔ برٹش کولمبیا کے گاؤں لٹن میں درجہ حرارت 49.6 سینٹی گریڈ تھا، یہ ملک میں ریکارڈ کیا گیا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت تھا۔
ہیٹ ویو کے دوران اچانک اموات اور گرمی کے باعث ہونے والی بیماریوں کی وجہ سے ہسپتالوں جانے والے مریضوں میں اضافہ دیکھا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث امکان ہے کہ ہیٹ ویو کی طرح سے شدید موسمی صورتحال میں اضافہ ہوجائے۔