چاغی میں طوفانی بارش، ریلوے ٹریک متاثر، 2 افراد جاں بحق، نو زخمی

  • July 15, 2021, 7:47 pm
  • National News
  • 162 Views

ٹریک متاثر ہونے کے بعد پاک ایران ریل سروس معطل کر دی گئی
چاغی (انفارمیشن ڈیسک)ضلع چاغی کے شہر دالبندین میں طوفانی بارش سے پاک ایران ریلوے ٹریک 21 مقامات سے متاثر ہوا ہے، بارش کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے جبکہ ایئر ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق ٹریک متاثر ہونے کے بعد پاک ایران ریل سروس معطل کر دی گئی ، دالبندین کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلے نے ریلوے ٹریک کو اکھاڑ دیا ہے۔ریلوے حکام نے بتایا کہ ایک ٹرین کو دالبندین، دوسری کو یادگار کے مقام پر روک دیا گیا ، بارش کے بعد دالبندین اور یک مچ کے درمیان ریلوے ٹریک پر شگاف پڑ گئے۔ٹریک پر شگاف پڑنے اور مٹی بہہ جانے سے ریلوے لائن کئی جگہ سے اکھڑ گئی، ریلوے ٹریک شدید متاثر ہونے سے کوئٹہ سے زاہدان مال گاڑی کی سروس بھی معطل ہو گئی ہے۔کیسکو ذرائع کے مطابق دالبندین میں بارش کے بعد بجلی کے متعدد کھمبے زمین بوس ہو گئے جس سے دالبندین شہر اور ملحقہ علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی۔سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بارش سے دالبندین ایئر پورٹ اور اے ایس ایف اہلکاروں کے کمروں کی چھت متاثر ہوئی ہے، ایئر ٹریفک کا کمیونی کیشن نظام بھی متاثر ہوا ہے۔سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دالبندین ایئر پورٹ پر طوفانی بارش اور تیز ہوائوں سے ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔