پاکستانی اداکارہ نائلہ جعفری انتقال کر گئیں
- July 17, 2021, 8:34 pm
- Entertainment News
- 237 Views
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نائلہ جعفری انتقال کر گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اداکارہ نائلہ جعفری رضائے الٰہی سے دار فانی سے کوچ کرگئیں، وہ طویل عرصے سے کینسر جیسی مہلک بیماری میں مبتلا تھیں۔نائلہ جعفری کے بھائی عاطف جعفری کا کہنا ہے کہ بہن کی نماز جنازہ آج بعد نماز عشا ڈیفنس فیز ٹو میں ادا کی جائے گی اور تدفین کالا پل پر آرمی قبرستان میں ہوگی۔
اداکارہ 2016 سے بیمار تھیں اور ابتدائی طور پر ان میں اوورین کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد ازاں ان میں معدے کے کینسر کی بھی تشخیص ہوئی تھی۔نائلہ جعفری سے متعلق 4 سال قبل 2017 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کینسر کے تیسرے اسٹیج کی وجہ سے انہیں تشویش ناک حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیا۔
بعد ازاں نائلہ جعفری کو کچھ عرصہ اسپتال میں رکھنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا تھا تاہم وہ 2016 سے مسلسل زیر علاج ہیں اور وقتاً فوقتاً اسپتال داخل ہوتی رہتی ہیں۔
حال ہی میں نائلہ جعفری کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے ٹی وی مالکان، ڈراما سازوں اور مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی تھی۔مدد کی اپیل کرنے کی ویڈیو میں نائلہ جعفری کو اسپتال کے بستر پر کسم پرسی کی حالت میں دیکھا گیا تھا اور وہ مدد کی اپیل کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئی تھیں۔اداکارہ نے اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ جب انہوں نے پی ٹی وی پر ڈراموں کا آغاز کیا تھا اس وقت نشرِ مکرر کیے جانے والے ڈراموں پر قلیل رقم ملتی تھی ، لیکن اس رقم کو حاصل کر کے اچھا لگتا تھا اور خوشی ملتی تھی۔
نائلہ جعفری نے کہا کہ اتنے برسوں سے میں یہاں بیمار پڑی ہوئی ہوں، سب نے کافی مدد کی ، جب میں اکیلی تھی تو مجھے سنبھالا۔انہوں نے تجویز دی کہ اگر دوبارہ سے ان کے ڈراموں کو نشر کیے جانے پر کچھ مالی امداد کردی جائے تو ان کے علاج میں آسانی ہوجائے گی۔2 منٹ اور 11 سیکنڈ کے ویڈیو پیغام میں اداکارہ نے کہا کہ حکومت کو اس سلسلے میں کوئی کام جلد از جلد کرنا چاہئے جو مستقبل میں سینئر فنکاروں کیلئے مددگار ثابت ہو۔اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے بھی حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ نائلہ جعفری کی مدد کرے جس کے بعد سندھ حکومت نے نائلہ جعفری کی مدد کا اعلان کیا تھا۔