اسلام آباد کے ایک مکان سے تیل نکلنے کے معاملے کا ڈراپ سین
- July 17, 2021, 8:36 pm
- National News
- 278 Views
وفاقی دارالحکومت کے ایک مکان سے کُھدائی کے دوران تیل برآمد ہونے کی خبر کے بعد اہل علاقہ نے اُس جگہ پر دھڑا دھڑ ڈرلنگ شروع کر دی تھی اور تیل نکالنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں۔ تیل کے نمونے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو بھجوائے گئے تھے جس کے بعد اب اوگرا کا بیان سامنے آ گیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا کہنا ہے کہ کسی مکان سے خام تیل نہیں نکلا جو نمونہ انہیں ملا وہ ڈیزل ملے پانی کا ہے۔ اوگرا کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ شاید ڈیزل کہیں سے لیک ہو کر زمین کے پانی میں مل گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر پوٹھوہار نے علاقے میں پہنچ کر کارروائی کی اور تیل کی تلاش میں ڈرلنگ اور پمپنگ کرنے والی 12 سائٹس سیل کردیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ایچ 13 میں کھدائی کے دوران زمین سے تیل نکل آنے کا انکشاف ہوا تھا۔ سیکٹر ایچ 13میں تھانہ شمس کالونی کی حدود میں رہائش پذیر کچھ افراد نے پانی کے لیے کنویں کی کھدائی شروع کی اور 450 فٹ گہرائی تک 12 سے 14 مقامات پرر بورنگ کر ڈالی، اتنی گہرائی میں بورنگ کرنے کے بعد زمین سے تیل نکل آیا۔
پانی کے لیے کھودے گئے کنویں سے تیل نکلنے کے بعد رہائشیوں نے تیل کی باقاعدہ فروخت شروع کر دی، جبکہ علاقے کے کچھ لوگوں کو بھی زمین سے تیل نکلنے کا واقعے کا علم ہوا تو انہوں نے بھی کنویں کھود کر زمین سے تیل نکالنا شروع کر دیا اور پھر باقاعدہ طور پر غیر قانونی پٹرول پمپ بنا کر تیل کی فروخت بھی شروع کر دی گئی تھی۔ گذشتہ روز اسلام آباد کے ایک گھر سے کُھدائی کے دوران تیل نکلنے کی خبر پر اسلام آباد انتظامیہ بھی متحرک ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا کہ گھروں میں قائم ایسے تمام عارضی پمپ سیل کر دئیے گئے ہیں اور تیل کے نمونے آئل اینڈ گیس ریگولیٹر اتھارٹی کو بھیج دئیے گئے ہیں۔ جبکہ اسسٹنٹ کمشنر پوٹھوہارعبداللہ خان کی سربراہی میں انتظامیہ کی ٹیم نے جمعرات کو کارروائی کرکے تمام ایسے کنوئیں سیل کر دئیے اور 2500 لیٹرز کی کئی ٹینکیاں بھی ضبط کر لیں۔
عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ نکلنے والے تیل کی بو مٹی کے تیل یا ڈیزل سے ملتی جلتی ہے۔ تاہم وزارت پٹرولیم اور اوگرا کو نمونے بھیج دئیے گئے ہیں۔اے سی پوٹھوہار کے مطابق لوگوں نے یہاں موٹرز لگا کر باقاعدہ اپنے گھروں کو پٹرول پمپ کا درجہ دے رکھا تھا اور بجلی کے غیر قانونی کنکشنز بھی لگا رکھے تھے جنہیں کاٹ دیا گیا ہے۔ موقع سے دو افراد کو حراست میں لے کر دفعہ 144 بھی لگا دی گئی ہے۔