ڈی جی خان میں کارروائی کے دوران لادی گینگ کا سربراہ خدا بخش ہلاک

  • July 17, 2021, 8:38 pm
  • Breaking News
  • 309 Views

لادی گینگ کے سربراہ کو ہلاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشتگردی نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران لادی گینگ کے سربراہ خدا بخش لادی کو ہلاک کر دیا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خدا بخش لادی بے شمار افراد کے اغوا اور قتل میں ملوث تھا۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل پولیس کو لادی گینگ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل ہوئی تھی ، ڈیرہ غازی خان میں بارڈر ملٹری پولیس نے لادی گینگ کے خلاف بڑی کاروائی کرتے ہوئے ہاتھ، ناک اور کان کاٹنے کی سفاکانہ واردات کی ویڈیو بنانے والے مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس کے مطابق لادی گینگ کا گرفتار ملزم کا نام دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور اغواء کے مقدمات میں بھی شامل ہے۔
کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس حمزہ سالک نے دعویٰ کیا کہ لادی گینگ کے خلاف جاری آپریشن میں قانون نافذ کرنیوالے والے اداروں نے سمینٹ فیکٹری کے علاقے میں کاروائی کرتے ہوئے لادی گینگ کے اہم رکن اسماعیل جیانی کو گرفتارکر لیا۔

حمزہ سالک کے مطابق ملزم اسماعیل جیانی نے گینگ ممبر کے ہاتھ، ناک اور کان کاٹنے کی سفاکانہ واردات کی ویڈیو بنائی تھی۔ یاد رہے کہ 2 جون کو ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ لادی گینگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کوبند کرنے کے لیے ایف آئی اے کو سفارشات بھی بھجوائی گئیں جبکہ سخی سرورسے لادی گینگ کے ایک سہولت کار کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔ ملزم لادی گینگ کے موبائل نمبروں پربیلنس لوڈ کرواتا تھا۔لادی گینگ کے خلاف آپریشن میں قبائلی فورس، بارڈر ملٹری پولیس، پنجاب پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا۔ تاہم اب سی ٹی ڈی کی کارروائی میں لادی گینگ کے سربراہ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔