پاکستان میں کورونا کی ڈیلٹا قسم کی آمد کی وجہ سے کیسز کی تعداد میں اضافہ

  • July 24, 2021, 4:27 pm
  • COVID-19
  • 184 Views

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کورونا ایس او پیز کی خلافِ ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ، اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کی ڈیلٹا قسم کی آمد کی وجہ سے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے شرکت کی۔

اجلاس میں صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے لیے پائیدارترقی کےایجنڈے پرعمل پیرا ہے ، اہداف کے حصول کیلئے عوام کی شرکت یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

صدرمملکت عارف علوی نے ایس او پیز کی خلافِ ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا عید کی نماز کے دوران این سی او سی کی سفارشات پرعمل نہیں کیا گیا ، عوام جلد سے جلد کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ محرم سے قبل علمائے کرام اور مذہبی اسکالرز کا اجلاس بلائیں ، مجالس کےدوران کورونا سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر نے کورونا کی چوتھی لہرکی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کا آغاز ہونے کے واضح آثار نظر آرہے ہیں، کورونا کی ڈیلٹا قسم کی آمد کی وجہ سے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا کی روک تھام کیلئےحکمت عملی پرتوجہ مرکوزکررہی ہے، بڑے شہروں،سیاحتی مقامات پرسختی سےعمل درآمد کروائیں گے اور لوگوں کو ماسک پہننے،ہجوم سےبچنےاورویکسین لگوانےکی ترغیب دےرہے ہیں۔