کورونا کا مریض شخص اپنی ہی بیوی کا روپ دھار کر جہاز پر سوار ہو گیا
- July 27, 2021, 5:18 pm
- COVID-19
- 173 Views
کورونا کا مریض بیوی کی کورونا منفی ہونے کی رپورٹ اور پاسپورٹ لے کر ائیرپورٹ پہنچا اور اپنی ہی بیوی کا روپ دھار کر جہاز میں سوار ہو گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا میں ایک شخص جکارتہ سے پرواز کرنے والے جہاز میں اپنی ہی بیوی کا روپ دھار کر سوار ہو گیا۔ ملزم نے برقعہ پہن کر خود کو سر سے پاؤں تک ڈھانپ رکھا تھا، ملزم نے نقاب بھی کر رکھا تھا جس کی وجہ سے کسی کو شک نہیں ہوا۔
ملزم کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور یہی وجہ تھی کہ ملزم نے مقامی فلائٹ کے لیے اپنی بیوی کا روپ دھار کر نہ صرف اس کی کورونا رپورٹ استعمال کی بلکہ بیوی کا پاسپورٹ بھی استعمال کیا۔ فلائٹ اٹینڈنٹ نے متعلق حکام کو شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے جہاز میں سوار ایک شخص کو برقعہ پہن کر باتھ روم جاتے اور مردانہ کپڑوں میں باتھ روم سے باہر آتے دیکھا۔
فلائٹ اٹینڈینٹ نے Ternate میں ائیرپورٹ حکام کو اس شخص سے متعلق مطلع کیا جنہوں نے جہاز لینڈ کرتے ہی ملزم کو دھر لیا۔ ائیرپورٹ پر گرفتاری کے بعد ایک ہیلتھ آفیسر نے ملزم کا کورونا ٹیسٹ کیا جو مثبت آیا۔ کووڈ ٹاسک فورس کے آپریشنل ہیڈ محمد عارف غنی کا کہنا تھا کہ ملزم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد فوری طور پر کورونا کی ٹاسک فورس ٹیم کو طلب کیا گیا جنہوں نے ملزم کو فوری طور پر ایمبولینس میں بٹھایا اور قرنطینہ کے لیے اس کے گھر لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ گھر میں قرنطینہ کے دوران ملزم کی نگرانی ٹاسک فورس کے اہلکار کریں گے تاکہ ملزم فرار نہ ہو سکے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعہ کے بعد ائیرپورٹ پر اسکریننگ کے عمل کو مزید مؤثر کرنے کے لیے ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں تاکہ دوبارہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔