فیصل آباد میں امام مسجد کے موبائل فون سے نوجوان طالبات کی ہزاروں تصاویر پکڑیں گئیں
- July 30, 2021, 10:55 am
- National News
- 222 Views
فیصل آباد میں امام مسجد کے موبائل فون سے نوجوان طالبات کی ہزاروں تصاویر پکڑیں گئیں، امام مسجد لڑکیوں کو تصویر وائرل کی دھمکی دے کر بلیک میل کرتا تھا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا- تفصیلات کےمطابق پولیس نے فیصل آباد میں ایک امام مسجد کو گرفتار کیا ہے، جس کے موبائل فون سے سکول اور کالج میں پڑھنے والی ہزاروں طالبات کی تصاویر پکڑی گئیں، پولیس نے اپنی تفتیش کے دوران بتایا ہے کہ ملزم لڑکیوں کی تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی دیتا تھا، ایک خاتون کی جانب سے شکایت پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا- امام مسجد کی شناخت عنایت رسول کے نام سے ہوئی ہے- فیصل آباد پولیس نے بلیک ملینگ کا مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا ہے- ملزم کے خلاف مزید تفتیش کی جارہی ہے- اس واقعے کا انکشاف ہونے کے بعد علاقہ مکین کافی مشتعل ہو گئے اور انہوں نے ملزم کو فوری بنیادوں پر سزا دینے کا مطالبہ کیا- علاقے میں حالات کی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا- دوسری جانب 14 سالہ لڑکے سے زیادتی اور بلیک میل کرنے والا ملزم کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
راولپنڈی میں پولیس نے 14 سالہ لڑکے کو بلیک میل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔تھانہ کلر سیداں پولیس کو بچے کی والدہ نے بتایا کہ خاوند روزگار کے لیے برطانیہ میں ہیں۔بیٹے نے سہمے ہوئے انداز میں بتایا کہ علاقے کے رہائشی عثمان نے اس کے ساتھ مبینہ زیادتی کی ، زبردستی کی اور نازیبا ویڈیو و تصاویر بنائیں۔ اب وہ مسلسل بلیک میل کر رہا ہے ، رقم بھی لیتا رہا ہے اور کسی کو بتانے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا ہے،لڑکے نے بتایا کہ ملزمان نے ڈرا دھمکا کر اس سے خاندان کی لڑکیوں کی تصاویر بھی منگوائیں تاکہ انہیں بلیک میل کیا جا سکے۔
ملزمان کہتے رہے کہ تمام مواد علاقے کے رہائشی کے پاس محفوظ ہے۔مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور بلیک میل کرنے والا مواد برآمد کرکے تلف کیا جائے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا،ایس ایچ او کلر سیداں قیصر ستی کا کہنا تھا کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے جس میں صورتحال مزید واضح ہو گی،واضح رہے کہ ملک میں چھوٹے بچے بچیوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات دن بہ دن بڑھتے چلے جا رہے ہیں، گزشتہ روز ملتان میں زیادتی کا ہولناک واقعہ پیش آیا، جب اپنی بیماری بیٹی کو دم کروانے کیلئے آنے والی خاتون کو پیر نے ساتھی سمیت اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس کے مطابق مبینہ زیادتی کا واقعہ تھانہ سٹی شجاع آباد کی حدود میں پیش آیا ہے جہاں کی رہائشی خاتون گلناز بی بی نے پولیس کو جمع درخواست میں الزام لگایاکہ اس کی بچی کو دم کرنےگھر آئے پیر اور اس کے ساتھی نے زیادتی کی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ خاتون کی درخواست پر اس کا میڈیکل کرایا جارہا ہے، رپورٹ کے بعد مزید کارروائی ہوگی-