کرونا کی ڈیلٹا قسم سے متاثر ہونے والے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اسپتال منتقل
- July 31, 2021, 10:04 pm
- COVID-19
- 190 Views
اسلام آباد: کرونا کی ڈیلٹا قسم سے متاثر ہونے والے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ڈاکٹرزکی ہدایت پر اہل خانہ نے اسپتال منتقل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا سے متاثر ہونے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا ایک روز قبل سٹی اسکین کیا گیا، جس کی رپورٹ کو ڈاکٹرز نے تسلی بخش قرار نہیں دیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق جسٹس قاضی فائز کی عیسیٰ کی طبیعت تاحال بہترنہ ہوسکی، جس کے بعد انہیں اب علاج کے لیے گھر سے اسپتال منتقل کیا گیا۔
کرونا میں مبتلا ہونے کے بعد سے اُن کا اور اہلیہ کا گھر پر ہی علاج جاری تھا، ڈاکٹرز اور پاک فوج کے سینئر ترین ڈاکٹر نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا معائنہ کیا اور انہیں اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔
ڈاکٹرز کی ہدایت پر اہل خانہ نے قاضی فائز عیسیٰ کو قائد اعظم اسپتال منتقل کردیا، جہاں اُن کا علاج کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اُن کی حالت کو ڈاکٹرز نے خراب ضرور قرار دیا مگر اُن کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔
یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اُن کی اہلیہ سرینا عیسیٰ کو معمولی علامات تھیں، جس کے بعد ڈاکٹرز نے اُن کا ٹیسٹ کیا تو دونوں کو کرونا کی ڈیلٹا قسم کی تشخیص ہوئی تھی۔