دنیا بھر میں سانپ کے زہر کی فروخت بڑھ گئی،قیمت لاکھوں میں
- August 5, 2021, 1:53 pm
- Featured
- 285 Views
دنیا بھر میں سانپ کے زہر کی طلب اور فروخت میں اضافہ ہورہا ہے، اس زہر کو انسانی جان بچانے والی دوائوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سانپ کے زہر کی مانگ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، زہریلے ناگ سانپ کے علاوہ دیگر 10 سانپوں کا زہر عالمی مارکیٹ میں اچھے داموں میں فروخت ہو رہا ہے۔
زہریلے سانپوں کے نکالے گئے زہر کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں فی لیٹر 40 لاکھ روپے ہے۔بھارتی ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے جنگلات میں سانپوں کو پکڑ کر ان سے زہر نکالا جارہا ہے، زہر نکالنے والوں کا تعلق قبائلی غریب گھرانوں سے ہے جو زندگی گزارنے کے لیے قیمتی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے سانپوں کا زہر نکالنے پر مجبور ہیں۔
زہر نکال کر فروخت کرنے والے غریب لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ زہر کتنے میں فروخت ہورہا ہے، اس سلسلے میں کچھ قبائلیوں سے بات کی گئی جنہوں نے بتایا کہ وہ لوگ زہریلے سانپوں کا پیچھا کرتے ہوئے ان کو پکڑ کر ان سے زہرنکالتے ہیں اور اس زہر کو جمع کرتے ہیں۔
زیادہ مقدار میں زہر جمع ہونے پر ان سے رابطہ کرنے والے ایجنٹوں کو یہ زہر گھر کے لیے استعمال میں آنے والے سامان کے بدلے فروخت کرتے ہیں۔سانپ کا زہر نکالنے والے قبائلیوں نے بتایا کہ وہ اس کام کے لیے زہریلے رینگنے والے سانپوں کو پال رہے ہیں۔ یہ رینگنے والے جانور 12 سے 30 انڈے دیتے ہیں اور تقریبا 2 ماہ میں ان انڈوں سے بچے نکلتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دوسرے سانپوں کے مقابلے ان کو ناگ سانپ سے زیادہ چوکس رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
سانپ سے نکالے گئے زہر کو شیشے کی ایک چھوٹی سی بوتل میں ربر کے ڈھکن کے ساتھ محفوظ کیا جاتا ہے۔ بروکر زہر خریدتے وقت اس کے معیار کو جانچتے ہوئے زیادہ مقدار میں اس کو خریدتے ہیں۔ اس زہر کی خریداری کے وقت ایجنٹ ایک بڑا مرغ ساتھ لاتے ہیں اور اس پر ایک چھوٹا سا زخم لگاتے ہیں۔ سانپ کے زہر کو چاقو کی نوک کے زریعہ اس مرغ کے زخم پر لگایا جاتا ہے۔
اگر یہ مرغ آدھے گھنٹے کے اندر مر جائے تو اسے معیاری سمجھا جاتا ہے ورنہ نہیں۔سانپ کا زہر انسانی جان بچانے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے، خاص طور پر بیرون ملک سانپ کے زہر کی مانگ زیادہ ہے۔ سانپ کا زہر امراض قلب اور ہائی بلڈ پریشر کے لیے دی جانے والے دوا میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ادویات تیار کرنے والی کمپنیاں اس زہر کو انتہائی کم مقدار میں دوا کی تیاری اور انجکشن میں استعمال کرتے ہیں۔