خیبرپختونخواہ حکومت کا یکم محرم الحرام کو تعطیل کا اعلان
- August 6, 2021, 2:28 pm
- National News
- 199 Views
خیبرپختونخواہ حکومت نے یکم محرم الحرام کو تعطیل کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق یکم محرم الحرام کو صوبے بھر میں تعطیل سے متعلق ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے اعلامیہ بھی جاری کر دیا۔ اعلامیہ کے مطابق تعطیل مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان سے مشروط ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں یکم محرم سے 13 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی جس کے تحت شہر میں ڈبل سواری، وال چاکنگ ، اشتعال انگیز تقاریر اور پمفلٹ کی تقسیم پر پابندی عائد ہوگی۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق شہر میں ڈبل سواری اور گاڑیوں کے کالے شیشے کے استعمال پر پابندی عائد ہوگی جبکہ وال چاکنگ، نفرت و اشتعال انگیز تقاریراور پمفلٹ کی تقسیم پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پشاور میں دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت اسلحے کی نمائش اور اسلحہ ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ افغان مہاجرین کے اپنے کیمپوں سے باہر نکلنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جلوس کی گزر گاہوں میں آنے والے راستوں میں کھڑے ہونے پربھی پابندی عائد ہو گی جبکہ صرف اذان اور خطبہ جمعہ کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت ہوگی۔ جبکہ تین روز قبل پنجاب حکومت نے محرم الحرام میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔ محکمہ صحت کا ڈپٹی کمشنرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، سی ای اوز کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے جبکہ محرم الحرام میں مجالس کے انعقاد کے لیے تفصیلی ایس او پیز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
سیکریٹری صحت سارہ اسلم نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں عزاداروں کے لیے موبائل ویکسینیشن کا انتظام کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یکم محرم سے عزاداروں کی آن اسپاٹ ویکسینیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ مجالس کا انعقاد کھلی جگہ پر کیا جائے اور داخلے سے پہلے شرکا کا ٹمپریچر چیک کیا جائے، نیاز اور کھانے کی تقسیم کھلی جگہ اور ڈسپوزبل برتنوں میں کی جائے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلامیہ جاری کردیا#KPupdates pic.twitter.com/3BH1dPQRAv
— Information Department KP (@infokpgovt) August 20, 2020