لڑکی بن کر پاکستانیوں کو لاکھوں روپے سے محروم کرنے والا غیر ملکی باشندہ پکڑ گیا، ملزم کے حیران کن انکشافات

  • August 13, 2021, 10:38 am
  • Entertainment News
  • 336 Views

لڑکی بن کر پاکستانی شہریوں کو لاکھوں روپے سے محروم کرنے والا غیر ملکی باشندہ پکڑ گیا، ملزم کے عوام کو بے وقوف بنانے سے متعلق حیران کن انکشافات- تفصیلات کےمطابق فیصل آباد میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے سائبرکرائم ونگ نےلڑکی بن کر شہریوں سےلاکھوں روپےکا آن لائن فراڈ کرنے والے نائیجرین شہری کو گرفتارکرلیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد رضوان کے مطابق شہریوں سے آن لائن فراڈ کی تحقیقات کے دوران نائیجرین شہری 'اوسوجی' کو ٹریس کیا گیا اور اسے لاہور میں ایک مکان سے چھاپہ مارکر گرفتار کرلیا گیا ۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ لڑکی بن کر شہریوں سے آن لائن رقوم منگواتا تھا اور ان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کرکے لاکھوں روپےکا فراڈ کرچکا ہے۔
ملزم نے بتایا کہ اس نے لڑکیوں کے نام سے مختلف اکاونٹ بنا رکھے تھے، اس کے پاس چند بین الاقوامی خواتین سمیت مقامی خواتین کی متعدد تصاویر تھیں، جن کا استعمال کرکے پہلے وہ شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتا تھا اور پھر ان سے ان کے بینک اکاونٹ کی معلومات حاصل کر لیتا تھا، ملزم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ لڑکوں سے یہ کہہ کر اکاوںٹ کی معلومات مانگتا کہ وہ ان کے اکاونٹ میں کچھ پیسے بھیج کر ان کی مالی مدد کرنا چاہتا ہے، اور وکٹم خوش ہو کر اپنے اکاونٹ کی معلومات اسے فراہم کر دیتے- ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کے کہنے پر متعدد افراد نے نئے بینک اکاونٹ بھی بنائے- ملزم کا کہنا تھا کہ اس کے زیادہ تر شکار نوجوان لڑکے ہوتے تھے، جنہیں اپنے جال میں پھنسانا قدرے آسان ہوتا تھا- ملزم کے بارے میں آن لائن فراڈ کرنے والے ایک گروہ کےگرفتار ارکان نے انکشاف کیا تھا ، ملزم سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ملکی اور غیر ملکی بینکوں میں آن لائن فراڈ کرنے والے پرائمری پاس تین فراڈیوں کو گرفتار کر لیا جبکہ گروہ کے سرغنہ سمیت دو ملزمان فرار ہو گئے۔ ایف آئی اے کے مطابق پرائمری پاس آن لائن فراڈیوں کا تعلق حافظ آباد سے ہے، ملزمان غیرملکی بینکوں کے اکاؤئنٹ ہولڈرز کو وائبر، واٹس ایپ اور ایمو پر کال کرکے فراڈ کرتے تھے۔ ایف آئی اے نے تین ملزمان پرویز، بلال اور اقبال کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ گروہ کا سرغنہ دلاور اور اس کا ساتھی عمران فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔