ورلڈکپ2015ء ، نیوزی لینڈ کو شکست، آسٹریلیا پانچویں مرتبہ کرکٹ کاعالمی چیمپیئن بن گیا

  • March 29, 2015, 3:30 pm
  • Sports News
  • 200 Views

میلبورن(مانیٹرنگ ڈیسک) ورلڈکپ2015ء کے فائنل میں آسٹریلیا نیوزی لینڈ کو 7وکٹوں سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ کرکٹ کا عالمی چیمپیئن بن گیا۔

نیوزی لینڈ کے 184رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 33.1اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 186رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے وارنر اور سمتھ نے 61جبکہ کلارک اور سمتھ نے112رنز کی بہترین پارٹنرشپ کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

آسٹریلیا کو پہلا نقصان 1.4 اوور میں ایک سکور کے مجموعی سکور پر اٹھاناپڑا جس میں فنچ بغیر کوئی رن بنائے بولٹ کی بال پر ڈھیر ہو گئے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی 45 رنز بنا کر ہینری کی بال پر ایلیٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے تب ٹیم کا مجموعی سکور 63 تھا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45اوور میں 183رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔کیویز بلے بازوں میں ایلیٹ اور ٹیلر نے 111رنز کی بہترین پارٹنرشپ کھیل کے ٹیم کے ہدف میں اہم کردار ادا کیا جس میں گرانٹ ایلیٹ 83اور روز ٹیلر 40رنز کیساتھ نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 1.5 اوور میں ایک کے مجموعی سکور پر کپتان برینڈن میکلم بغیر کوئی رنز بنائے سٹارک کی گیند پر پویلین لوٹ گئے ۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارٹن گپٹل بھی 15رنز پر میکسول کی گیند پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے تب ٹیم کا مجموعی سکور 33تھا۔نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 12 رنز پر جانسن کی گیند پر چلتے بنے اور 39 کے مجموعی سکور پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

روز ٹیلر ایلیٹ کے ساتھ 111 رنز کی بہترین پارٹنرشپ کھیل کر فلکنر کی بال پر ہیڈن کے ہاتھوں 40 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے تب ٹیم کا مجموعی سکور 150 تھا۔ کیوی ٹیم کی پانچویں بھی 150 کے مجموعی سکور پر گری جس میں اینڈرسن بغیر کوئی رن بنائے فلکنر کی بال پر ڈھیر ہو گئے۔نیوزی لینڈ کے بلے باز رونچی بھی ٹیم کا ساتھ نہ دے سکے اور بغیر کوئی رنز بنائے 151 کے مجموعی سکور پر سٹارک کی بال پر کلارک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔

ساتویں کھلاڑی ڈینئل ویٹوری9 رنز بنا کر جانسن کی گینڈ پر 167 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔گرانٹ ایلیٹ 83 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر فلکنر کی بال پر ہیڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کے آخری دو آؤٹ ہونےوالے کھلاڑیوں میں ہینری 182 کے مجموعی سکور پر جانسن اور ٹم سوتھی 183 کے مجموعی سکور پر 11 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔کینگروز کے بالرؤں میں جانسن اور فلکنر نے 3،3 جبکہ سٹارک نے 2 اور میکسول نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس کے دوران کیوی ٹیم کے کپتان برینڈن میکلم کا کہنا تھا کہ وکٹ اچھی ہے بڑا سکور کرنے کی کوشش کریں گے اور اپنے کیرئیر کا سب سے بڑا میچ کھیل رہا ہوں جبکہ آسٹریلوی کپتان کلارک نے کہا ہے کہ اگر ٹاس جیت جاتا تو پہلے بیٹنگ کو ہی ترجیح دیتا۔

دونوں ٹیموں میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی گئی اس طرح آسٹریلیا کے سکواڈ میں کپتان مائیکل کلارک، ڈیوڈ وارنر، فنچ، سٹیو سمتھ، شین واٹسن، میکسول، ہیڈن، فلکنر، مچل جانسن، ہیزل وڈ اور سٹارک شامل ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان برینڈن میکلم، مارٹن گپٹل، ولیمسن، روز ٹٰیلر، ایلیٹ، اینڈرسن ، رونچی، ڈینئیل ویٹوری، ہینری، ٹم سوتھی اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔