کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کا خطاب

  • March 30, 2015, 10:12 pm
  • National News
  • 75 Views

کوئٹہ(ویب ڈیسک)کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ بلوچستان سپورٹس فیسٹول میں بلوچستان کے نوجوانوں کی والہانہ شمولیت نے میرے اس عقیدے اور حوصلے کو اور بھی مضبوط کردیاہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں ، صوبے کے عوام اور بالخصوص نوجوانوں کی مشترکہ کوششوں سے بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہوچکا ہے اور جہالت ، دہشت وحشت اور خوف کا آسیب ٹوٹ رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سپورٹس فیسٹول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ جیوے جیوے بلوچستان اور جیوے جیوے پاکستان کی گونج نے بلوچستان کی ہواؤں کو معطر کردیا ہے خوشیاں پھوٹنے لگی ہیں ، حوصلے بلند ہونے لگے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ بلوچستان کے عوام نے خوف کو زنجیروں کو توڑ پھینکا ہے اور وہ روشن مستقبل کی طرف گامزن رہنا چاہتے ہیں۔ کمانڈرسدرن کمانڈ نے کہا کہ وہ یوم پاکستان کو گواہ بناکر کہتے ہیں کہ ہم نے بلوچستان کی سرزمین کے بچوں کو محبت کرنا ، محبتوں کے ساتھ جینا اور محبتوں کے پیغام کو پھیلانا سکھایا ہے اور سرزمین پاکستان گواہ رہے کہ ہم نے کبھی اپنے فرائض میں کوتاہی نہیں کی بلوچستان اور پاکستان کے عوام نے بھی کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا انہوں نے کہا کہ وہ بلوچستان کے غیور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ بالخصوص نوجوان طبقہ محبت کے اس سفرکو جاری رکھے، کسی سے مت ڈرے کیونکہ وہ تنہا نہیں ہم ان کے ساتھ ہیں آئیں اکٹھے مل کر تمام مسائل اور چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کریں ۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں نے اپنے خوابوں کی تعبیر ڈھونڈنا شروع کردی ہیں اور اپنی مرضی سے دینی و دنیاوی طرز عمل سے زندگی بسر کرنے کی ٹھان لی ہے اور انہوں نے اپنی بہتری کے سفر سے وطن کی بہتری کے سفر کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے نام پر حاصل کردہ اس ملک میں ہم نے آزاد ہوتے ہوئے بھی آزادی کے نام پر قتل و غارت کرکے نہ صرف اپنی بلکہ اپنے ان گنت بھائیوں ، بہنوں اور بچوں کی زندگی گنوادی انہوں نے بھٹکے ہوئے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے انہیں یہ زندگی ایک اچھا انسان بننے اور انسانیت کی خدمت کیلئے دی ہے وہ بھی آئیں اور پاکستان کی مٹی کی حرمت اور خوشحالی میں اضافے کیلئے ہمارا ساتھ دیں انہیں یقین ہونا چاہئے کہ یہ وطن ان کا ہے اور وہ بھی اس کے پاسبان ہیں۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ وہ دل کی گہرائیوں سے ان بھٹکے ہووں کیلئے دعا کرتے ہیں کہ اﷲ تعالیٰ انہیں راہ راست پر لائے وہ دشمنوں کے اس گھناؤنے کھیل کو سمجھیں اور ان کے آلہ کار نہ بنیں بلکہ میانہ روی اختیار کریں انہوں نے کہا کہ زندگی اﷲ تعالیٰ کی دین ہے اور صرف ایک دفعہ ہی ملتی ہے تو کیا اﷲ تعالیٰ نے انہیں یہ زندگی پہاڑوں میں ضائع کرنے اور چند پیسوں کی خاطر اپنے ہی بے قصور بھائیوں ، بہنوں اور بچوں کو ناحق قتل کرنے کیلئے دی ہے ۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم کسی بھی دشمن سے لڑنے کیلئے کافی ہیں عوام صرف اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں ، روشن مستقبل ہمارے استقبال کیلئے بیقرار ہے انہوں نے بلوچستان سپورٹس فیسٹول کے کامیاب انعقاد پر اطلاعات، کھیل، ثقافت، داخلہ، تعلیم اور سماجی بہبود کے محکموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہایت احسن طریقے سے میڈیا ڈے، ٹیلنٹ ڈے، آرٹسٹ ڈے، ٹیچرز ڈے ، شہداء بلوچستان ڈے، اور سپیشل چلڈرن ڈے منائے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے غیور بیٹوں اور بیٹیوں کے بھی دل سے مشکور ہیں جنہوں نے پہلے ڈویژنل لیول و یونیورسٹی لیول پر اور پھر کوئٹہ میں منعقدہ کھیلوں میں جوش و جذبہ سے شرکت کی ۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے محکمہ کھیل ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سپورٹس فیسٹول کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت سے اس قدرشاندار سپورٹس فیسٹول کاانعقاد ممکن ہوسکا۔