جیکب آباد میں خواتین کے ماتمی جلوس پرخودکش حملہ،پانچ بچوں سمیت 22 افراد شہید،40سے زائدزخمی

  • October 23, 2015, 10:56 pm
  • Breaking News
  • 174 Views

جیکب آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) مقدس مہینے محرم الحرام میں دہشت گردوں نے ایک اور مذموم کارروائی کرتئے ہوئےسندھ کے شہر جیکب آباد میں خواتین کےماتمی جلوس کو نشانہ بنایا۔ خودکش حملےمیں پانچ بچوں سمیت 22 افراد شہید اور 40سے زائد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نےلاشاری محلہ مرتضیٰ پارک کے قریب خواتین کے ماتمی جلوس میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ماتمی جلوس گزر رہا تھا کہ دھماکہ ہوگیا۔ دھماکے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اورزخمیوں کو فوری طور پرہسپتالوں میں پہنچایا گیا۔زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔دھماکے کی جگہ سے ایک پستول بھی ملا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کا کہنا ہے کہ دھماکہ جلوس کے گزرنے کے بعد ہوا اب تک بیس افراد کے شہید ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے، انہوں نے کہا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق دھماکہ خودکش تھا۔ ڈی ایس پی جیکب آباد خدا بخش نے تصدیق کی ہے کہ دھماکہ خودکش تھا۔ شہید ہونے والوں میں سورج کھوسو ،زاہد حسین، حبیب اللہ، صبا ،قاسم ،عامر سومرو اور دیگر شامل ہیں ۔صوبائی وزیر ممتاز جاکھرانی نے بھی دھماکے میں 22افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔دھماکے کے بعد جیکب آباد سے متصل سندھ بلوچستان سرحد بند کر دی گئی۔صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف ، سابق صدر آصف زرداری بلاول بھٹو زرداری،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، قائد ملت جعفریہ ساجد نقوی، مجلس وحدت المسلمین کے رہنماراجہ ناصر عباس نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر سندھ عشرت العباد اور وزیر داخلہ سندھ سہیل انورنے آئی جی سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ہے