بلوچستان سپورٹس فیسٹیول 2016ء کی شانداراور رنگارنگ افتتاحی تقریب

  • March 23, 2016, 7:37 pm
  • Breaking News
  • 106 Views

کوئٹہ ( این این آئی )بلوچستان سپورٹس فیسٹیول 2016ء کی شانداراور رنگارنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی تھے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، صوبائی وزیر کھیل میرمجیب الرحمن محمد حسنی، اراکین اسمبلی، سیکریٹریز، سول وملٹری آفیسران، یونیورسٹیز، اسکولوں، کالجز کے طلباء وطالبات کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر صوبائی وزیر کھیل وثقافت میرمجیب الرحمن محمد حسنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن یوم پاکستان کے حوالے سے بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کا آج سے باقاعدہ طور پر افتتاح کیا جارہا ہے جس میں صوبے بھر سے 2700سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس فیسٹیول میں نہ صرف تمام کھیلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے بلکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے منسلک افراد کی مؤثر نمائندگی اور حوصلہ افزائی کے لئے مربوط انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سپورٹس فیسٹیول صوبائی حکومت، پاک فوج اور عوام کے اشتراک سے صوبہ بھر میں امن واستحکام اور خوشحالی وترقی کے سلسلے میں ایک کڑی ہے اور اس سے بلوچستان کے حب الوطنی سے سرشار جوانوں کے ولولے اور نئی امنگ اور حوصلہ ملے گا۔ صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کے دوران شاندار میوزیکل نائٹس اور آتش بازی کے مظاہروں کا بگٹی اسٹیڈیم میں اہتمام کیا جارہا ہے جس میں ملک بھر سے بہترین گلوکاروں کو مدعو کیا جارہا ہے تاکہ بلوچستان اور بالخصوص کوئٹہ کے عوام کو تفریح کے بھرپور مواقع میسر آسکیں۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے انعقاد میں بلوچستان میں قائم امن واخوت اور بھائی چارے اور خوشحالی کی فضا کو مزید تقویت ملے گی جس سے ملک بھر میں امن ،یکجہتی اور استحکام کا مؤثر پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کی اختتامی تقریب 29مارچ کو منعقد کی جائے گی جس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات واعزازات تقسیم کئے جائیں گے۔ وزیر کھیل میرمجیب الرحمن محمد حسنی نے کہا کہ کھیلوں میں ہمارے نوجوان بھرپور حصہ لے رہے ہیں جن سے ان میں صحت مندانہ مقابلے کا رحجان پیدا ہوگا۔ اس سے قبل گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کو ایوب اسٹیڈیم گراؤنڈ پہنچنے پر بچوں نے پھول پیش کئے۔ شاندار اور رنگارنگ افتتاحی تقریب کے موقع پر بینڈ مظاہرے، مختلف ثقافتی رقص، فوجی پریڈ کے علاوہ پاک فضائیہ کے مشاق طیاروں نے ایئر شو کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔