کوئی سرجیکل سٹرائیک نہیں ہوئی، بھارت نے جارحیت دکھائی تو منہ توڑ جواب دیں گے، پاکستان

  • September 30, 2016, 9:16 am
  • Breaking News
  • 57 Views

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کے اِس پار سرجیکل سٹرائیک کے دعوو¿ں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوئی کارروائی ہوئی نہ ہی بھارت اس کی جرات کرسکتا ہے۔ پاکستانی افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں، اگر اس نے جارحیت دکھائی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ عرب ٹی وی کو انٹرویو میں ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ بھارتی دعوؤں میں کوئی سچائی نہیں، اس نے سرجیکل سٹرائیک نہیں،سرحد پار سے گولہ باری کی جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا، ایک فوجی بھی پکڑا گیا۔ پاکستانی مندوب نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ بھارت ایسی کسی بھی کارروائی کی جرات نہیں کرسکتا، پاکستانی افواج ہر خطرے اور چیلنج سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں، سرحد پار سے کوئی حرکت ہوئی تو جواب بھی ویسا ہی دیا جائے گا۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ جھوٹے اور بے بنیاد دعوؤں اور کنٹرول لائن پر کشیدگی بڑھا کر بھارت مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے،عالمی برادری اسے جارحیت سے باز رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے اور کشیدگی ختم کرائے ۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے سرحد کے ساتھ علاقے خالی کرانے اور ٹینک پہنچانے کی تصدیق بھی ہوگئی ہے۔ پاکستانی مندوب آج اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کریں گی اور انہیں بھارتی جارحیت سے آگاہ کریں گی۔