90 سے زائد طلباء وطالبات میں اسکالرشپ چیک تقسیم

  • April 19, 2018, 9:27 pm
  • Education News
  • 192 Views

کمانڈر سدرن کمانڈ کے جانب سے ضلع نوشکی کے 90 سے زائد طلباء وطالبات میں اسکالرشپ چیک تقسیم

کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے جانب سے ضلع نوشکی کے 90 طلباء و طالبات میں اسکالرشپ چیک تقسیم کردئیے گئے ۔اسکالر شپ تقسیم کی تقریب ہیڈکوارٹر نوشکی ملیشیاء میں منعقد ہوئی ۔تقریب کے مہمان خاص صوبائی وزیر میر غلام دستگیر بادینی تھے تقریب میں طلباء وطالبات،قبائلی عمائدین ،خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے صوبائی وزیر بلدیات میر غلام دستگیر بادینی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں ۔طلباء وطالبات کو اسکالرشپ کی فراہمی کا مقصد طلباء کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی ہے ۔طلباء ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تمام توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں ۔افواج پاکستان ملکی سرحدوں کے حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک میں تعلیمی میدان میں بھی اپنا کردار بخوبی سرانجام دے رہی ہے
تقریب سے کمانڈنٹ نوشکی ملیشیاء کرنل اظہر علی شیراز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان سے تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لیے افواج پاکستان بہترین حکمت عملی کے ذریعے باصلاحیت اور غریب طلباء کو اسکالر شپ فراہم کررہی ہے تاکہ وہ ملک کے اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرکے صوبہ وملک کا نام روشن کریں ۔دنیا میں قومیں ترقی صرف اور صرف تعلیم کے ذریعے ہی کرسکتی ہیں ۔ہمارے طلباء و طالبات میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں تاہم ان باصلاحیت اسٹوڈنٹس کو مالی طور پر مدد کی ضرورت ہے طلباء کے انہی مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اسکالر شپ فراہم کی جارہی ہے کہ وہ اپنی اعلی تعلیم کا خواب پورا کرکے ملک و قوم کا نام دنیا میں روشن کریں۔تقریب کے اختتام پر طلباء وطالبات میں اسکالرشپ چیک تقسیم کئے گئے