پی ٹی آئی نے پیغام دیا کہ بلوچستان کے امیدوار کو ووٹ دیں، اوپر سے آرڈر ہے: سراج الحق

  • April 21, 2018, 10:02 pm
  • Political News
  • 176 Views

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے خیبر پختونخوا حکومت میں اتحادی پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ کے چیئرمین کے لیے اپوزیشن کو متحد کرنا چاہتے تھے لیکن پی ٹی آئی نے ہمیں حکم سے آگاہ کیا کہ سینیٹ الیکشن میں بلوچستان کے امیدوار کو ووٹ دیں ۔

ایکسپریس ٹربیون کے مطابق مقتدر حلقوں کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف نے پیغام پہنچایا کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے بلوچستان سے امیدوار کو ووٹ دیں۔منصورہ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی سے ووٹوں کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کیخلاف کریک ڈائون کی ضرورت ہے ، کیا وہ لوگ مجرم نہیں ہیں جنہوں نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ خریدے ، ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ سینیٹ کا موجودہ ایوان بھی جائزہے یا نہیں‘۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں پی ٹی آئی کے ساتھ چلنا چاہتے تھے لیکن پی ٹی آئی نے ہمارا ساتھ نہیں دیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی کے پی نے کہا کہ چئیرمین سینیٹ کے لیے بلوچستان کے امیدوار کو ووٹ دینا ہے لیکن نام ابھی معلوم نہیں ہے، لیکن ہم نے رضا ربانی کا نام دیا تھا مگر افسوس ہے اس پر اتفاق نہیں کیا گیا۔انہو ں نے کہا کہ چئرمین سینیٹ کے انتخاب کے بعد عمران خان کے بجائے ایک زرداری سب پہ بھاری کے نعرے لگے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کسی نے جرات نہیں کی میری قیمت 45 کروڑ تک لگائے۔چیئرمین سینیٹ کی مخالفت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بچہ پیدا ہو جائے تواس کا گلا کوئی نہیں دباتا اب دیکھنا یہ ہے کہ اس سینیٹ کے فیصلے کو مانے جاتے ہیں یا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے سربراہان اعتراف کر رہے ہیں کہ سینیٹ انتخابات میں ہمارے لوگ بک گئے، کیا ووٹ خریدنے والے مجرم نہیں ہیں۔

چیف جسٹس کی طرف سے غیرمتعلقہ افراد سے سیکیورٹی پروٹوکول واپس لیے جانے کی تائید کرتے ہوئے سراج الحق کا کہناتھاکہ صوبے کی ابتر صورتحال کے ذمہ دار پرویز خٹک ہیں۔

دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ سراج الحق (ن) لیگ کے اتحادی ہیں اس لیے ان کے لہجے میں (ن) لیگ بول رہی ہے، سراج الحق کا بیان جھوٹ کے سوا کچھ نہیں جب کہ سراج الحق کی غلط بیانیوں نے پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر میں (ن) لیگ اور کے پی میں پی ٹی آئی کی اتحادی ہے جب کہ پنجاب میں ان کا ناظم شیر کے نشان پر جیتا۔