ہمارے مذہب اسلام نے خواتین کو وراثت میں مکمل حصہ دیا ہے: سپوژمئی اچکزئی

  • April 21, 2018, 10:13 pm
  • Political News
  • 152 Views

کوئٹہ 21اپریل۔ ہمارے معاشرے میں خواتین کو بااختیاربنانے کے ساتھ ساتھ ان کو والدین کی وراثت میں بھائیوں کی طرح حصہ ملنا چاہئے کیونکہ ہمارے مذہب اسلام نے خواتین کو وراثت میں مکمل حصہ دیا ہے اس حوالے سے معاشرے میں ہر سطح پر آگاہی فراہم کیئے جانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی سپوژمئی اچکزئی نے محکمہ ترقی نسواں یو این وومن بلوچستان کے زیر اہتمام حق جائیداد ( ترمیمی) بل پر مشاورتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ان کے حقوق سے محروم کرنے سے بہت سے معاشرتی مسائل جنم لیتے ہیں اور معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ خواتین کو معاشرے میں اسلام کی روح کے مطًابق حقوق دلانے میں اپنا کردار اداکریں ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری برائے محکمہ ترقی و نسواں محمد صدیق مندوخیل نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کانصف حصہ ہیں ان کو مالی اور سیاسی طور پر بااختیار کرنا چاہئے معاشرے میں خواتین کا کردار بہت اہم ہے وہ مرد کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر شعبے میں انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے تمام شرکاء کو خواتین کے حق وراثت( ترمیمی) بل کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ بل صوبائی اسمبلی سے پاس ہونے سے خواتین کے بہت مسائل حل ہوسکتے ہیں اور ان کی جائیداد میں حصہ داری کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوسکتا ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چےئرمین پبلک سروس کمیشن جسٹس ریٹائرڈ مہتہ کیلاش ناتھ کوہلی نے کہا کہ خواتین کو والدین کی جائیداد میں حصہ ملنا چاہئے یہ حق خواتین کو آئین اور معاشرہ ہر سطح پر دیتے ہیں خواتین کو بااختیار کرنے سے بہت سے معاشرتی مسائل کا تدارک اور اس سے معاشرے میں توازن پیدا ہوتا ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حافظ حسین احمد شرودی نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو بہت اعلیٰ مقام دیا ہے جہاں پر مرد کا ذکر ہوتا ہے وہیں پر خاتون کا ذکر بھی اسلامی تعلیمات میں ہوتا ہے اسلام نے خواتین کو اپنے والدین کے جائیداد میں مکمل طور پر حق دیا ہوا ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ریحانہ خلجی نے کہاکہ خواتین کے حقوق اور ترقی کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھا ئی گئی ہے اور ان کے حقوق کیلئے معاشرے میں آگاہی مہم کی ضرورت ہے تاکہ خواتین کے مسائل ہر سطح پر حل ہوسکیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر انعام الحق قریشی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا سیمینار میں نادرا، لوکل گورنمنٹ ، قانون ، میڈیا اور بلوچستان یونیورسٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی ۔