اوپن مارکیٹ میں ڈالر 80 پیسے سستا، 118.70 روپے پر آگیا

  • April 27, 2018, 7:19 pm
  • Business News
  • 298 Views

کراچی:
ملک میں یومیہ بنیادوں ڈالر کی قدرکے تعین سے جمعرات کواوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر80 پیسے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں ڈالر کی قدر119.50 روپے سے گھٹ کر118.70 روپے کی سطح پر آگئی۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جمعرات کوبھی اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقات ہوئی جس میں مرکزی بینک نے جمعہ (آج)سے اوپن مارکیٹ میں ہرایکس چینج کمپنی کی طلب کے مطابق ڈالرکی ترسیل کااعلان کردیا ہے۔

واضح رہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی طلب یومیہ15 سے18 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 40 لاکھ ڈالر سے بھی تجاوزکرگئی ہے۔ تاہم فاریکس ایسوسی ایشن کے اس ضمن میں مرتب کردہ اقدامات کے سبب جمعرات کواوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدرمیں کمی واقع ہوئی اور امکان ہے کہ جمعہ کواسٹیٹ بینک سے ڈالر کی سپلائی شروع ہونے سے امریکی ڈالر کی قدر میں مزیدنمایاں کمی واقع ہوگی۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدرملک بوستان نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی باریومیہ بنیادوں پر ڈالر کا ریٹ مقرر کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے جس پرعمل درآمد کے مطلوبہ نتائج برآمد ہوناشروع ہوئے ہیں، ڈالرکی قیمت کا تعین دن میں تین بارطلب ورسد کی بنیاد پرمقررکیا گیا ہے۔

بدھ کوڈالر کی قدر119.50روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جس کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں ایک بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی تھی معاملہ ممکنہ طور پر سنگین ہونے کے خطرات کے پیش نظرفاریکس ایسوسی ایشن فوری ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں متفقہ طور پرڈالر کی مانیٹرنگ اوردیگرفیصلوں کا اعلان کیا گیا اوران فیصلوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ایکس چینج کمپنیوں پرایک لاکھ تا پانچ لاکھ روپے مالیت کے جرمانے عائد کرنے کا اعلان کیا گیا۔

ملک بوستان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلاجوازڈالر کی خریداری سے گریز کریں کیونکہ اسٹیٹ بینک کی مشاورت سے کیے گئے فیصلوں کے نتیجے میں ڈالرکی طلب ورسد متوازن اوراس کی قدر میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق 40لاکھ سے زائد کی پراپرٹی خریدنے کیلیے این ٹی این کی لازمی شرط عائد ہونے کے بعد پراپرٹی کاسرمایہ ڈالر مارکیٹ میں لگنے کے نتیجے میں ڈالر کی قدرمیں تسلسل سے اضافہ ہورہا تھا جس کے نتیجے میں بدھ کو 119.50روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

ملک بوستان نے بتایا کہ جمعرات کو وفاقی مشیرخزانہ مفتاح اسماعیل سے بھی ڈالرکی قدر میں اضافے کے رحجان پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور مشیرخزانہ نے مرکزی بینک کے توسط سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انٹربینک اوراوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدرمیں پیدا ہونے والے نمایاں فرق میں کمی ضروری ہے جبکہ بیرون ملک سفر کرنے والوں کو ڈالر اوپن مارکیٹ سے زائد قیمت پر نہیں ملنا چاہیے۔