قومی بچت سکیموں کے شرح منافع میں اضافہ،اطلاق یکم مئی سے ہوگا

  • May 1, 2018, 12:10 am
  • Business News
  • 184 Views

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی بچت سکیموں پر منافع کی شرح میں0.72 فیصد اضافہ کردیا گیا جس کا اطلاق یکم مئی 2018 سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل قومی بچت ظفر مسعود کا کہنا تھا کہ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ کی شرح 0.72 فیصد بڑھادی گئی جس کے بعد نئی شرح منافع 9.36 فیصد سے بڑھ کر 10.08 فیصد ہوگئی ہے۔ڈی جی قومی بچت کے مطابق پینشنرز بینیفٹ اکاونٹس کے منافع میں بھی 0.72 فیصد اضافہ کیا گیا جو کہ اب 10.08 فیصد ہوگیا ہے اور یہ پہلے 9.36 فیصد تھا۔انہوں نے بتایا کہ ڈیفینس سیونگ سرٹیفکیٹ کا شرح منافع 0.56 فیصد بڑھنے کے بعد اب 8.10 فیصدتک ہوگیا ہے جب کہ سپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 0.77 فیصد اضافے کے باعث 6.80 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ڈی جی قومی بچت کا کہنا ہے کہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر 1.09 فیصد کی شرح سے سب سے زیادہ اضافہ کیا گیا جس کی منافع کی شرح 6.54 فیصد سے بڑھاکر 7.63 فیصد کی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سیونگ سرٹیفکیٹ پر منافع 0.55 فیصد بڑھایا گیا ہے جس کے بعد شرح منافع 4.50 فیصد ہوگا جو پہلے 3.95 فیصد تھی جب کہ تمام سکیموں پر منافع کی نئی شرح کا اطلاق یکم مئی 2018 سے ہوگا۔


خیال رہے ادارے نے شرح منافع میں اضافہ 14ماہ بعد کیا۔