’’ڈرپوک‘‘ بھارت کا رات میں ٹیسٹ کھیلنے سے انکار

  • May 4, 2018, 11:31 am
  • Sports News
  • 177 Views

نئی دہلی:
آسٹریلیا کی بھارتی بورڈ کو نائٹ ٹیسٹ پر راضی کرنے کی کوششیں ناکام ہوگئیں جب کہ بھارت نے ایڈیلیڈ میں پنک گیند کے ساتھ فلڈ لائٹس میں پانچ روزہ میچ کھیلنے سے صاف انکار کردیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے بھرپور کوششوں کے باوجود بھارت رواں سال کے آخر میں شیڈول دورے میں ایڈیلیڈ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر راضی نہیں ہوا،اس نے صاف الفاظ میں انکار کردیا ہے۔

بی سی سی آئی میں سپر یم کورٹ کی مقرر کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے سربراہ ونود رائے نے کہاکہ یہ بات واضح ہوچکی کہ ہم آسٹریلیا میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ نہیں کھیلنے والے اور اس میں کوئی شک ہی نہیں رہا، ہم نے دلیپ ٹرافی میں پنک بال کا تجربہ کیا مگر گیند کے حوالے سے مطمئن نہیں ہیں، ویسے بھی کوئی ہمارے سر پر بندوق تان کر ہمیں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔

یاد رہے کہ بی سی سی آئی نے 2016 میں دلیپ ٹرافی میں پنک گیند کا تجربہ کیا تھا مگر بورڈ اور پلیئرز ٹاپ لیول پر اس گیند سے کھیلنے کے حوالے سے فی الحال محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیاکے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے کہاکہ شکست کے خوف کی وجہ سے بھارتی ٹیم راضی نہیں ہوئی، انھوں نے کہا کہ ہرکوئی جانتا ہے کہ وہ یہاں آکر ہمیں شکست دینا چاہتے ہیں اور ان کو یہ بات بھی اچھی طرح معلوم ہے کہ آسٹریلیا میں اب تک کھیلے گئے نائٹ ٹیسٹ میچز میں ہماری ٹیم کو ایک بار بھی شکست نہیں ہوئی،اس لیے وہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں اس وجہ سے سیریز میں ایڈوانٹیج حاصل ہوگا لہذا وہ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کو تیار نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم 21 نومبر سے 19 جنوری تک آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جس میں 4 ٹیسٹ، 3 ٹوئنٹی 20 اور اتنے ہی ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔ آسٹریلیا 2015 سے ایڈیلیڈ میں نائٹ ٹیسٹ کھیل رہا اور تینوں مرتبہ اسے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔