احسن اقبال پر حملہ ختم نبوت کے معاملے پر کیا، ملزم کا اعترافی بیان

  • May 7, 2018, 10:09 am
  • Breaking News
  • 531 Views

نارووال:
وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملہ کرنے والے ملزم نے کہا ہے کہ اس نے ختم نبوت کے معاملے پر احسن اقبال پر حملہ کیا۔

حملہ آور عابد حسین کی عمر 21 سال اور اس کا تعلق اسی گاؤں کنجروڑ سے ہے جہاں وزیر داخلہ کارنر میٹنگ میں شریک تھے۔ ملزم کے والد کا نام منظور گجر ہے، ملزم کا تعلق ایک مذہبی تنظیم سے بتایا جارہا ہے۔


ملزم نے پولیس کو دیے گئے ابتدائی بیان حملے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے ختم نبوت کے معاملے پر وزیر داخلہ پر حملہ کیا حملہ کرنے کے فیصلے میں میرے ساتھ کوئی شریک نہیں یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے۔ ملزم کے بیان کی مزید تفصیلات پولیس نے ابھی ظاہر نہیں کیں۔
حملہ آور کی موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ جعلی نکلی

پولیس کے مطابق حملہ آور کی موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ جعلی نکلی اس کا نمبر LEZ 3694 ہے۔ پولیس مزید تحقیقات کے لیے ملزم عابد حسین کے گھر پہنچ تو گھر پر تالہ لگا ہوا تھا اور اہل خانہ غائب تھے جب کہ اس کے قریبی دوست بھی غائب تھے۔ پولیس نے مذہبی تنظیم کے کارکنوں کو پکڑنے کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے ہیں۔


بھائی نے کچھ نہیں بتایا کہ وہ کیا کرنے والا ہے، بہن

دریں اثنا ایکسپریس نیوز نے ملزم کے اہل خانہ کا سراغ لگا لیا اور ملزم عابد حسین کی بہن کا انٹرویو کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ ملزم عابد کی بہن نے بتایا کہ بھائی نے کچھ نہیں بتایا تھا کہ وہ کیا کرنے والا ہے اور ہمیں یہ بھی نہیں پتا کہ بھائی کا تعلق کس جماعت سے ہے۔

واضح رہے کہ ملزم عابد حسین نے آج نارووال میں وزیر داخلہ احسن اقبال پر دو گولیاں چلائیں جس کے باعث احسن اقبال زخمی ہوگئے ملزم کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا۔