کراچی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 42 ڈگری تک جاپہنچا

  • May 19, 2018, 9:22 pm
  • Weather News
  • 353 Views

کراچی: شہر قائد میں ہیٹ ویو کی وجہ سے شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور درجہ حرارت 42 ڈگری تک جاپہنچا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں آج سال کا گرم ترین دن ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوامیں نمی کا تناسب 14 فیصد ریکارڈ کیاگیا۔ سمندری ہواؤں کی بندش اور حبس کے باعث گرمی کی شدت 45 ڈگری محسوس کی گئی۔ شدید گرمی، پانی کی بندش اور کے الیکٹرک کی جانب سے فنی خرابیوں کے نام پر طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے رمضان المبارک کے ابتدائی ایام میں لوگوں کی مشکلات بڑھا دیں تاہم سہہ پہر کو سمندری ہوائیں چلنے سے صورت حال میں بہتری آئی۔

محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز درجہ حرارت 43 ڈگری تک تجاوز کرنے کی پیش گوئی کی تھی جب کہ گرمی کی شدت مزید 5 روز تک برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 40 ڈگری تک رہے گا۔
صوبائی حکومت نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے کراچی کی مقامی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کررکھی ہیں، کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے شہر کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، کئی علاقوں میں دن 12 بجے ہی درجہ حرارت 41 ڈگری سے تجاوز کرگیا تھا۔ سندھ میں سب سے زیادہ گرمی ضلع شہید بے نظیر آباد میں دیکھی گئی جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری تک جا پہنچا۔

واضح رہے کہ 2015 میں بھی رمضان المبارک کے دوران شدید گرمی کی لہر آئی تھی جس کی زد میں آکر کم از کم 1600 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔