یوم شہادت علیؓ کے جلوسوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے، شیعہ کانفرنس

  • June 2, 2018, 5:30 pm
  • Political News
  • 409 Views

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سیدداؤدآغا نے کہا ہے کہ 21رمضان کو کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں یوم شہادت علیؓ کے جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے آپریشن ردالفساد پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کرکے جیلوں میں قید دہشت گردوں کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں یہ بات انہوں نے جمعہ کو یوم شہادت کے جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس سے خطاب میں کہی۔انہوں نے کہا کہ اکیس رمضان کو ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی علمدار روڈ سے یوم شہادت علیؓ کے موقع پر جلوس نکالا جائے گا اورمجلس عزا ہوگی جبکہ 20رمضان کو ہزارہ ٹاؤن میں جلوس نکالا جائیگا حکومت جلوس اور مجالس عزا کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کرتے ہوئے جیلوں میں قید دہشت گردوں کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلاکر انہیں سزائیں دی جائیں ۔یہ دہشت گردجیل سے ہی دہشتگردی کے نیٹ ورک چلا رہے ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔