عبدالقدوس بزنجو کا کوئٹہ سے انتخابات لڑنے کا اعلان

  • June 7, 2018, 8:27 pm
  • Breaking News
  • 119 Views

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے 25جولائی 2018ء کے عام انتخابات میں آبائی علاقے آواران کے ساتھ ساتھ کوئٹہ سے بھی بلوچستان اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔۔ جمعرات کی صبح انہوں نے ضلعی کچہری میں متعلقہ ریٹرنگ آفیسر سے پی بی 29کوئٹہ چھ کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ چار ماہ کے دوران بلوچستان کی خدمت کا صحیح موقع نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار وہ اپنے آبائی علاقے آواران سے الیکشن لڑنے کے ساتھ ساتھ کوئٹہ سے بھی بلوچستان عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخاب لڑیں گے۔' کوئٹہ کے عوام نے ہماری پارٹی پر اعتماد کیا اور ہمیں دوبارہ منتخب کیا تو صوبے کی بہتری کیلئے دن رات ایک کردینگے۔'
عبدالقدوس بزنجو نے جس حلقے سے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے وہ پہلے پی بی فور کہلاتا تھا۔ پرانے پی بی تھری کا ایک بڑا حصہ بھی اب اس حلقے میں شامل ہے۔
پی بی 29 کوئٹہ VI مندرجہ ذیل علاقوں پر مشتمل ہوگا
غوث آباد سیٹلائٹ ٹاؤن سے ملحقہ حصہ، لنک سریاب روڈ، بلوچستان یونیورسٹی سے دوکانی بابا چوک تک ، نیو اڈہ سیٹلائٹ ٹاون، لیبر کالونی، سیٹلائٹ ٹاؤن بلاک نمبر 2، بلاک نمبر4، سی جی ایس کالونی، زیارت روڈ، ڈبل روڈ اور اس سے ملحقہ زرغون روڈ کا ابتدائی حصہ ، رئیسانی روڈ، ارباب کرم خان روڈ ،پودگلی چوک، کلی شیخان، شاہ زمان روڈ، جوائنٹ روڈ، ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی، ریلوے کالونی، دیبہ، سپنی روڈ کا ابتدائی حصہ کرسچن کالونی ، جیل روڈ، منو جان روڈ، نیو نیچاری، سمنگلی روڈ کا شہباز ٹاؤن سے لیکر کرسچن کالونی تک کا حصہ، جناح ٹاؤن، کلی اسماعیل، جی او آر کالونی، کلی شابو اور کلی برات
حلقہ پی بی 29 کوئٹہ کا نقشہ (سبز رنگ میں)
یاد رہے کہ عبدالقدوس بزنجو 2002ء سے 2008ء تک مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر آواران سے بلوچستان اسمبلی کے رکن رہے اور پھر وزیر لائیواسٹاک بنے۔ 2013ء میں دوبارہ ق لیگ کے ٹکٹ پر دوبارہ اسی نشست پر کامیاب ہوئے اور دسمبر 2015ء تک ڈپٹی اسپیکر رہے۔ 13 جنوری 2018ء کو نواب ثناء اللہ زہری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سامنے لاکر وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوئے۔
2013ء کے انتخابات میں عبدالقدوس بزنجو اپنے علاقے آواران میں شورش اور امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث صرف 544ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پہلی بار اپنے آبائی علاقے سے نکل کر انتخاب لڑنےوالے عبدالقدوس بزنجو کوئٹہ میں کتنے ووٹ لیتے ہیں؟