ٹکٹوں کی تقسیم، کارکنوں کا بنی گالہ کے باہر آج بھی احتجاج

  • June 10, 2018, 4:36 pm
  • Election 2018
  • 373 Views

تحریک انصاف میں ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم پر کارکن برہم، ٹکٹوں سے محروم امیدواروں کے حامی کارکنوں کا اسلام آباد میں بنی گالہ جانیوالے راستوں پر دوسرے روز بھی احتجاج کیا۔

پی ٹی آئی میں ٹکٹوں کی تقسیم پر پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کارکنوں کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ بنی گالا میں عمران خان کی قیام گاہ کے باہر آج بھی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے تحصیل جڑانوالہ کے پی پی 100 کے صدر خان بہادر ڈوگر بھی ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم پر احتجاج کیلئے بنی گالہ پہنچ گئے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ پر فیصلہ نہیں ہوا ٹکٹوں کی بندر بانٹ کی گئی ہے۔

خان بہادر ڈوگر کا کہنا تھا کہ 126 دن تک تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنے والوں کو تینوں ٹائم کھانا اپنے خرچے پر کھلایا پھر بھی نظر انداز کیا گیا۔

اس کے علاوہ بنی گالہ پر احتجاج کیلئے پی کے 87 بنوں اور پی پی 3 کےناراض کارکن بھی موجود ہیں۔ کارکنوں نے رات کو بھی مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں ٹکٹوں سے محروم رہنے والوں کے لیے مصالحتی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔