پی ٹی آئی الیکشن جیتنے کےلئے تیار ہے، عمران خان

  • June 30, 2018, 7:45 pm
  • National News
  • 199 Views

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن جیتنے کی تیاری کرلی ،اس بار جتنی تیاری ہے ماضی میں کبھی نہیں تھی، مقابلے کا پہلا اصول ہے کہ مخالف کو کبھی کمزور نہ سمجھو۔

اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ٹکٹ نہ پانے والے نظریاتی کارکنوں کو بعد میں ایڈجسٹ کیا جائے گا ،عام انتخابات کے پارٹی میں الیکشن کرائیں گے ۔

ان کا کہناتھاکہ ٹکٹ دینے میں بڑے عذاب سےگزرا، چار ہزار لوگوں نے ٹکٹ کے لئے اپلائی کیا ،ساڑھے 6 سو یا سات سو لوگوں کو ٹکٹ دیے ۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ایک جماعت اقتدار میں آتی ہے تو نظریاتی کارکنوں کے لیے بڑی جگہ ہوتی ہے ،کسی خاتون کو اس وقت مخصوص نشست کا ٹکٹ نہیں ملے گا جب تک وہ پارٹی الیکشن لڑکر اوپر نہ آئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کے ٹکٹ جتنا بڑا عذاب تھا میں دوبارہ اس میں نہیں پڑناچاہتا۔

عمران خان نے کہا کہ جیلوں میں قید آدھے لوگا کا تو جرم صرف یہ ہے کہ وہ غریب لوگ ہیں ،جس پارٹی کے سربراہ کے جینا مرنا پاکستان میں نہیں اسے ووٹ نہ دو۔

ان کا کہناتھاکہ پاکستان پر قرضہ 6ہزار ارب سے 27ہزار ارب تک پہنچ گیا، ڈالر 60 روپے سے آج 125روپے کا ہوچکا ہے،نوازشریف نے دگنی قیمت میں موٹروے بنایا، آدھا پیسہ جیب میں ڈال لیا ۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کرپشن کی وجہ سے آنا رک گئی،ان کے پاس محلات ہیں ، یہ امیر ہیں ، انھیں پاکستان کی تکلیف نہیں ، ان کی جتنی جائیدادیں ہیں وہ اور منظر عام پر آئیں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف نے کتنے اسپتال بنائے جہاں شریف خاندان کا علاج ہوسکے؟ ہمیں نظام ٹھیک اور ادارے مضبوط کرنے ہوں گے،ادارے ٹھیک ہوں گے تو ملک میں پیسہ آئے گا ۔

عمران خان نے کہا کہ میں صرف دو چیزیں کروں گا ،میں ملک کے ادارے ٹھیک کروں گااور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا ، ہمارے اقتدار کے پہلے دن ہی بڑی کرپشن ختم ہوجائے گی ،یہ کرپشن ہے جو وزیراعظم اور وزراء کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹی کرپشن ختم کرنے میں وقت لگےگا ، پاکستان کے عوام سے 8ہزار ارب روپے اکٹھا کرکے دکھاوں گا ،ایف آئی اے کو مضبوط بنائیں گے،کسی بھی ادارے میں کرپشن کی نشاندہی کرنے والے 25فیصد انعام ملے گا ۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا میں درخت لگانے شروع کیے تو لوگوں نے مزاق اڑایا، اب سارے ملک میں مہم شروع کریں گے،سب تیار ہوجائیں درخت لگانے کی مہم شروع کریں گے۔