نوازشریف کی درخواست مسترد کردی گئی

  • July 6, 2018, 11:27 am
  • Breaking News
  • 293 Views

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نوازشریف کی جانب سے ان کی واپسی تک فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایک گھنٹے بعد سماعت کرکے اس درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا ہے، ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کا محفوظ فیصلہ ساڑھے 12 بجے سنایا جائے گا۔

اس سے قبل کلثوم نواز کی تازہ میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی جانب سے وکیل امجد پرویز نے عدالت کے روبرو استدعا کی کہ میاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی حالت تشویشناک ہے اور نواز شریف کی لندن میں موجودگی ضروری ہے ۔

امجد پرویزنے مزید کہا کہ ڈاکٹرز کے مطابق آئندہ 48گھنٹے تک فیملی کا کلثوم نواز کے ساتھ ہونا ضروری ہے ، لہٰذا سات روز کے لیے فیصلہ مؤخر کیا جائے۔

نواز شریف کے وکیل سعد ہاشمی نےبھی فیصلہ مؤـخر کرنے کی درخواست پر دلائل دیے۔

اس موقع پر نیب نے فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست کی مخالفت کردی، نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر جب کیس فیصلے کے لیے مقرر ہے درخواست دائر نہیں کی جاسکتی۔

نیب پراسیکیوٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیصلہ محفوظ کرنے سے قبل درخواست دی جاسکتی تھی۔

جس پر امجد پرویزنے کہا کہ قانون یہ کہتاہے کہ فیصلے کے وقت ملزم کی موجودگی ضروری ہے، ملزم کے مفرور ہونے کی صورت میں غیر حاضری میں فیصلہ دیا جا سکتا ہے۔

عدالت نے فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت کو ایک گھنٹے کے لیے مؤخر کردیا۔