نگران حکومت پرامن وشفاف انتخابات کی ذمہ داری پوری کریگی ، علاؤ الدین مری

  • July 8, 2018, 10:58 pm
  • Election 2018
  • 175 Views

زیارت(خ ن )نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، نگران حکومت صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے پرامن ماحول میں انعقاد کی ذمہ دار ہے اور ہم اپنی یہ زمہ داری پوری کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں الیکشن کی تیاریوں کی سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران صوبائی وزیر صحت فیض محمد کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعلیٰ کو انتخابی تیاریوں کے ساتھ ساتھ ضلع میں امن ا ومان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ الیکشن کی سکیورٹی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ بھرپور تیاریاں کرے اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، عوام کو پرامن ماحول میں پولنگ اسٹیشنوں تک رسائی دی جائے گی تاکہ وہ اطمینان سے اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں ووٹ کی اہمیت کا شعور اجاگر کیا جانا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹرز انتخابی عمل میں حصہ لیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ انتخابی عمل میں مکمل غیر جانبدار رہتے ہوئے تمام امیدواروں کو یکساں اہمیت دی جائے اور انہیں ضروری سیکورٹی فراہم کی جائے۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ، واٹر فلٹریشن پلانٹ اور پراسپیکٹ پوائنٹ میں پبلک پارک بنانے کی مجوزہ جگہ کا معائنہ کیا اور پارک کی تعمیر کے لئے دس کروڈ روپے دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے شہر میں پانی اور صفائی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو صورتحال کی بہتری کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ زیارت جونیپر کے جنگلات اور آب و ہوا کے باعث سیاحوں کے لئے پرکشش مقام ہے تاہم سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہاں سیاحوں کی آمد و رفت کم ہے جسے بڑھانے کے لئے بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر زیارت میں تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جاتیں تو یہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہوتا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ جنگلات کے حکام کو جونیپر کے جنگلات کی حفاظت اور اس میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے دورے کے دوران مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے ہسپتال میں ضروری سہولتوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔