الیکشن الزامات عائد کرنیوالوں کا مدفن ثابت ہونگے ، قدوس بزنجو

  • July 11, 2018, 10:54 pm
  • Election 2018
  • 204 Views

کوئٹہ( آن لائن) بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء حلقہ پی بی 44 آواران سے نامزد امیدوار سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے آواران کے عوام کی خدمت کی اور ہمیں بھی یہی ترغیب دی کہ عوامی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھیں آج ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں بے بنیاد الزامات عائد کرنیوالوں کی سیاست کا مدفن 2018ء کے انتخابات ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آواران کے مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں آواران کے عوام نے تمام تر نا مصائب حالات اور مشکلات کے باوجود جمہوری عمل کا حصہ بنتے ہوئے اپنا حق رائے رہی استعمال کیا یہ وہ دور تھا جب خود کو عوامی نمائندے کہنے والے انتخابات میں حصہ لینے سے خائف تھے مگر آواران کے بہادر عوام نے ثابت کیا کہ وہ جمہور کے استحکام آئین کی بالادستی اور سیاسی نظام رائج کرکے ہی دم لیں گے اور آج آواران میں ایک مستحکم سیاسی نظام رائج ہے جس کا سہرا آواران کے عوام سیکورٹی اداروں کو جاتا ہے جنہوں نے بے شمار قربانیاں دیکر آواران کے امن کو بحال کیا انہوں نے کہا کہ 2018ء ان نام نہاد عوامی نمائندوں کی سیاست کا مدفن ہوگا جنہوں نے ووٹ حاصل کرنے کے لئے عوام سے وعدے کئے مگر ان پر عملدرآمد نہ کیا اور اب ایک بار پھر وہ الزامات اور پروپیگنڈا کی سیاست کرکے اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں مگر شاید وہ یہ بھول چکے ہیں کہ بلوچستان کی عوام باشعور ہے اور اپنے ووٹ کا سیاسی سمجھ بوجھ کے ساتھ استعمال کریں گے اس موقع پر کارنر میٹنگ کی شرکاء نے میر عبدالقدوس بزنجو کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میر عبدالقدوس بزنجو نے جس طرح ایوان میں آواران کے مسائل کو اجاگر کیا وہ سب کے سامنے ہے آواران کے عوام کی طرز زندگی میں بہتری یہاں ترقی اور خوشحالی کے لئے ان کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں 25 جولائی کا دن میرعبدالقدوس بزنجو کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہو گا ۔