شہید سراج رئیسانی پاکستان کے سپاہی تھے جن کی شہادت سے ہم نے بہادر اور محب وطن پاکستانی کو کھو دیا ہے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

  • July 14, 2018, 11:34 pm
  • National News
  • 207 Views

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر+این این آئی)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ شہید سراج رئیسانی پاکستان کے سپاہی تھے جن کی شہادت سے ہم نے بہادر اور محب وطن پاکستانی کو کھو دیا ہے امن کی جانب ہمارا سفر ابھی جاری ہے پاکستانی قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے ۔یہ بات انہو ں نے ہفتہ کو کوئٹہ میں شہید نوابزادہ سراج رئیسانی کے اہل خانہ سے ملاقات اور سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمیوں کی عیادت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید سراج رئیسانی کو سولجر آف پاکستان کا لقب دیتے ہوئے کہا کہ شہید سراج رئیسانی کی شہادت سے ہم نے ایک محب وطن اور بہادر پاکستانی کو کھو دیا ہے جن کی پاکستان کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گاشہید سراج رئیسانی کے خاندان کی تین نسلوں کی قربانیاں قابل قدر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امن کی جانب ہمارا سفر ابتک اپنی منزل کو نہیں پہنچا لیکن ہم کامیابی سے اس منزل کی جانب گامزن ہیں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی اور شرپسندی جیسے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور ہم ہر صورت میں دشمن قوتوں کو شکست دیں گے ۔انہوں نے شہداء مستونگ کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ بھی انکے ہمراہ تھے۔