مستونگ خودکش حملہ قومی سانحہ ملک کیخلاف گھناؤنی سازش ہے ، وزیراعلیٰ وکابینہ

  • July 14, 2018, 11:35 pm
  • National News
  • 205 Views

کوئٹہ(خ ن)نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری اور نگران صوبائی کابینہ کے اراکین نے مستونگ میں دہشت گردی کے واقعہ کو قومی سانحہ اور ملک وصوبے کے خلاف گھناؤنی سازش قرار دیا ہے جس کا مقصد انتخابات کے لئے قائم امن اور ساز گار ماحول کو خراب کرنا ہے جبکہ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے شہداء کو واپس تو نہیں لایا جاسکتا تاہم حکومت متاثرہ خاندانوں کی بھرپور معاونت کریگی اور زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی۔وزیر اعلیٰ سے صوبائی وزراء آغا عمر بنگلزئی،عنایت کاسی، نوید کلمتی، فیض کاکڑ، خرم شہزاد، سلام خان ، امام بخش بلوچ اور منظور قزلباش کی ہونے والی ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور گذشہ روز رونما ہونے والی دہشت گردی کی واقعہ کے متاثرین کی معاونت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نگران صوبائی حکومت پرامن ماحول میں غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریگی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، صوبائی وزیر صحت نے اس موقع پر مستونگ اور کوئٹہ کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کے سہولیات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ صحت اور ہسپتالوں کی انتظامیہ کو زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کی گئی ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لئے کراچی منتقل کرنے کے اقدامات کا جائزہ بھی لیا جائے، وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر داخلہ کو صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی انتخابی امیدواروں اور سیاسی سرگرمیوں کو بھرپور سیکورٹی کی فراہمی کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے وزیر داخلہ سے کہا کہ سیکورٹی سے متعلق امور کی وہ خود نگرانی کریں۔ ملاقات میں اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں گے تاکہ ان کی انتخابی سرگرمیوں کی سیکورٹی کے لئے بروقت اور موثر اقدامات کئے جاسکیں۔