انتخابات کے دوران سیکورٹی فورسز نے فول پروف اقدامات کئے ،علاؤالدین مری

  • July 26, 2018, 1:25 am
  • Election 2018
  • 308 Views

کوئٹہ(خ ن )نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے بلوچستان میں عام انتخابات کے دوران امن برقرار رکھنے اور امیدواروں اور ووٹرز کے تحفظ کے لئے بہترین سیکیورٹی اقدامات پر پاک فوج، پولیس، لیویز اور ایف سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز نے فول پروف اقدامات کئے جس کے نتیجے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش رہی، یہ موثر سیکیورٹی اقدامات کا نتیجہ ہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں صورتحال قابو میں رہی اور سیکیورٹی اداروں نے سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کرتے ہوئے پولنگ اسٹیشنوں، ووٹرز اور امیدواروں کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام پاک فوج اور سیکیورٹی کے دیگر اداروں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گھروں سے نکلے اور ملک کے روشن مستقبل کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور ہر قسم کے منفی پروپیگنڈہ کو مسترد کردیا، وزیراعلیٰ نے توقع ظاہر کی کہ انتخابات کے نتیجے میں جموریت مضبوط ہوگی۔