انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی ،پشتونخوامیپ

  • July 30, 2018, 11:32 pm
  • Election 2018
  • 234 Views

کوئٹہ (پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ،صوبائی سینئر نائب صدر سنیٹر سردار اعظم موسیٰ خیل نے کہا ہے کہ 25جولائی کو ہونیوالے انتخابات میں بدترین دھاندلی اور بوگس ووٹنگ پر ملک کے تمام جمہوری پارٹیوں نے مہر تصدیق ثبت کرلی ہے اور یک آواز ہوکر ان انتخابات کے نتائج کو مسترد کردیا ہے ۔ ماسوائے تحریک انصاف اور اس دوقومی صوبے کے اسٹبلیشمنٹ کے نئے ونگ بلوچستان عوامی پارٹی( باپ ) نے ہی صرف موجودہ انتخابات کو عوام کی رائے قرار دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کارکنوں کے مختلف اجلاسوں اور وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ نے الیکشن کمیشن سمیت ڈی آر اوز ، آراوز اور پرائیزیڈنگ آفیسروں سمیت تمام انتخابی عملے کے اختیارات کو ہائی جیک کر کے اپنے مخصوص اور پسند کے امیدواروں کے حق میں پولنگ سٹیشنز چلائیں اور ان کے پسند کے امیدواروں کے مقابلے میں ہمارے امیدواروں کے ووٹروں کو ووٹ ڈالنے نہیں دیا گیا بلکہ اپنی پسند کے امیدواروں کے حق میں ووٹروں سے ووٹ چھین کر خود ڈالتے رہے اور پولنگ کے اختتام پر ہر علاقے کے پولنگ سٹیشنوں پر ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو نکال کر مرضی کے نتائج مرتب کےئے ۔ اور مختلف قومی وصوبائی حلقوں میں ایسے لا تعداد پولنگ سٹیشن کی نشاندہی کرچکے ہیں جس پر دن دہاڑے سرعام ٹھپے لگائیں گئے اور اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے ا س کھلی مداخلت اور عوام کے خلاف جارحیت کی ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ان عام انتخابات میں سرعام بدترین مدااخلت اور اس کے نتیجے میں ہونیوالے دھاندلی نے ملکی بحرانوں میں مزید اضافہ کردیا ہے اور ان نام نہاد انتخابات کے ذریعے ملک کے عوام کی کوئی بھی خدمت اور ترقی ممکن نہیں۔ کیونکہ منتخب ہونیوالے نمائندوں کو خود پر اب بھی یہ یقین نہیں آرہا کہ وہ درحقیقت جیت چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مکمل اکثریت کی جمہوری پارٹیوں نے ان انتخابات کو دھاندلی پر مبنی قرار دیکر درحقیقت الیکشن کمیشن کی جانبداری نااہلی اور سیکورٹی کے نام پر اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ان کے تمام اختیارات کے استعمال کے راز سے پردہ اٹھا دیا ہے اور اب ملکی پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا میں سخت ترین سنسرشپ لاگو کرنے کا مقصدبھی اس بدترین عوام دشمن دھاندلی کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی جمہوری قوتیں ، طلباء ، مزدور ، تاجر ،دانشور اور سول سوسائٹی سمیت تمام ملکر عوام کی حق حکمرانی کے خلاف اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے آواز بلند کرے اور پرنٹ والیکٹرونک میڈیا پر مسلط غیر قانونی سنسر شپ ختم کرانے میں اپنا قومی کردار ادا کرے۔